کراچی کے علاقے لانڈھی میں اتفاقیہ گولی دو ٹریفک اہلکاروں کے سینے سے آر پار ہوگئی۔اے آر وائی نیوز کے مطابق اتفاقی گولی چلنے سے دو اہلکار زخمی ہو گئے تھے جن میں سے ایک زخمی اہلکار دوران علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔ڈی آئی جی ٹریفک اقبال ڈارہ کے مطابق جاں بحق اہلکار کی شناخت فہمید کے نام سے ہوئی جو ٹریفک سیکشن شاہ فیصل ضلع کورنگی میں تعینات تھا۔
زخمی اہلکار گل شیر سیکشن کورنگی صنعتی ایریا میں تعینات ہے۔ڈی آئی جی نے مزید بتایا کہ اہلکار علی احمد ڈی ایس پی ٹریفک سیکشن لانڈھی کا پستول لے کر بیرک میں آیا تھا۔زخمی اہلکار گل شیر کے ہاتھ سے پستول سے گولی چلی، ایک ہی گولی فہمید اور گلشیر دونوں کے سینے سے آر پار ہوئی۔
دونوں اہلکار ٹریفک سیکشن تھانہ لانڈھی کے بیرکوں میں رہائش پذیر تھے۔
واقعے کی اطلاع پر ایس ایس پی کورنگی حسن سردار اور ایس پی کورنگی ٹریفک سیکشن فرح امبرین نے جناح ہسپتال کا دورہ کیا۔یہ واقعہ صبح ساڑھے سات بجے کے قریب پیش آیا تھا۔ڈی ایس پی ٹریفک لانڈھی جاوید کے گن مین علی حسن کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ واقع سے متعلق مزید شواہد اکٹھے کرنے کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔پولیس نے واقعے سے متعلق تفتیش شروع کر دی ہے ۔
اُدھر فیصل آباد میں پیزا کے پیسے مانگنے پر فائرنگ کر کے ڈلیوری بوائے کو قتل کر دیا گیا۔ پیزا ڈلیوری بوائے کو گزشتہ رات گولی ماری گئی تھی، کئی گھنٹے ہسپتال میں زندگی موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد وہ ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق پیزا ڈلیوری بوائے کاشف رسول گزشتہ رات جڑانوالہ روڈ پر فیصل ٹاؤن میں پیزا ڈلیور کرنے گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ڈلیوری بوائے نے پیزا دے کر بل مانگا تو ملزمان نے گالم گلوچ کی اور پیسوں کا تقاضا کرنے پر ڈلیوری بوائے پر فائرنگ کر دی۔ گولی لگنے سے ڈلیوری بوائے زخمی ہو اجبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تاہم ڈلیوری بوائے کو ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دوران علاج انتقال کر گیا۔ پولیس کے مطابق ڈلیوری بوائے کاشف رسول تین بچوں کا باپ تھا، واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ ملزمان کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔



