کچھی میں بنیادی سہولیات کا فقدان’ علاقہ مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، منتخب نمائندے نے وزارت پر براجمان ہوکر علاقے اور عوام سے کنارہ کش ہوکر مسائل سے لاتعلقی اختیار کرلی ہے’ سردار عظیم جان محمدشہی

کچھی میں بنیادی سہولیات کا فقدان’ علاقہ مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، منتخب نمائندے نے وزارت پر براجمان ہوکر علاقے اور عوام سے کنارہ کش ہوکر مسائل سے لاتعلقی اختیار کرلی ہے’ سردار عظیم جان محمدشہی
کچھی: محمدشہی قبائل کے سربراہ سردار محمد عظیم جان محمدشہی نے کہا ہے کہ ضلع کچھی مسائل کا گڑھ بن چکا ہے، عوام کا کوئی پرسان حال نہیں جبکہ علاقے سے منتخب نمائندے خواب غفلت میں مبتلا ہوکر علاقے اور عوام سے کنارہ کشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھی پورے بلوچستان میں تاریخی و معاشی اعتبار سے اہم علاقہ ہے تاہم علاقے سے منتخب نمائندے کی عدم دلچسپی اور لاتعلقی کے باعث علاقہ ہر طرح کے مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ کچھی میں پانی کا مسئلہ شدت اختیار کر چکا ہے، علاقے میں بجلی کی فراہمی نہ ہونے کے برابر ہے، اسکول، اسپتال اور عوامی سہولت و خدمات کے دیگر مراکز ویرانی کا منظر پیش کررہے ہیں، سڑکیں اور زرائع آمدورفت انتہائی مخدوش حالت میں ہیں، نیز ہر شعبہ زندگی مسائل سے دوچار ہے تاہم ان مسائل کے حل اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشش تو درکنار بلکہ متعلقہ حکام صورتحال کو جوں کا توں رکھنے میں عافیت محسوس کررہے ہیں۔ عوامی نمائندوں کا کام اقتدار کے ایوانوں میں عوام کی موثر نمائندگی، عوامی مسائل کا حل، اور عوام کو سہولیات فراہم کرکے علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوتا ہے تاہم کچھی سے منتخب نمائندے نے وزارت پر براجمان ہوکر علاقے اور عوام سے لاتعلقی اختیار کر لی ہے اور مسائل کا حل تو درکنار عوام کو ان تک رسائی بھی حاصل نہیں۔ کچھی کی اس بدحالی اور مسائل کی شدت میں اضافے کے پیش نظر عوام میں تشویش اور بےچینی پائی جاتی ہے۔ علاقے کے نمائندے نے تو کچھی سے لاتعلقی اختیار کر لی ہے مگر حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کچی کے مسائل کے حل اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے فوری اقدامات لے۔



