امریکی سینیٹ نے 1اعشاریہ2کھرب ڈالر کا حکومتی اخراجات کا بل منظور کر لیا ہے جس کے بعد حکومتی اداروں کے شٹ ڈاﺅن کا خطرہ ٹل گیا ہے بل سینٹ میں 24 کے مقابلے میں 75 ووٹوں کی اکثریت سے منظور کیا گیا بل کی منظوری اس کے بعد ہوئی جب نصف شب کے وقت سرکاری اداروں کے لیے فنڈنگ کی میعاد ختم ہو چکی تھی.
وائٹ ہاﺅس نے مقررہ ڈیڈ لائن گزرنے کے کچھ ہی دیر بعد ایک نوٹس جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ بجٹ اینڈ مینجمنٹ کے دفتر نے حکومت بند ہونے کی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی تیاریاں روک دی ہیں کیوں کہ یہ اعتماد بہت زیادہ تھا کہ سینٹ بل پاس کر دے گی اور صدر اسی روز اس پر دستخط کر دیں گے.
وائٹ ہاﺅس کے بیان میں کہا گیا کہ فیڈرل فنڈز کا خرچ کرنا ایک ذمہ داری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر اس پر نظر رکھی جاتی ہے اس لیے سرکاری ادارے بند نہیں ہوں گے اور اپنے روزمرہ کے کام جاری رکھیں گے بل میں مجوزہ ترامیم پر ری پبلکنز اور ڈیمو کریٹس کے درمیان محاذ آرائی کے بعد قلیل مدت کے لیے حکومت کے بند ہونے کے امکانات بڑھتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے.
بل میں منظور کی جانے والی کسی بھی قسم کی ترامیم کی صورت میں اس بل کو واپس ایوان نمائندگان میں بھیجنا پڑتا جس کے ارکان دو ہفتے کی تعطیلات کے لیے پہلے ہی شہر سے روانہ ہو چکے تھے لیکن آدھی رات سے کچھ پہلے سینیٹ میں اکثریتی پارٹی کے لیڈر چک شومر نے ایک بڑی پیش رفت کا اعلان کیا. شومر نے کہا کہ یہ ایک بہت طویل اور مشکل دن تھا لیکن ہمارے درمیان حکومت کو فنڈ کرنے کا کام مکمل کرنے کے لیے ابھی ایک معاہدہ ہوا ہے یہ ملک کے لیے اچھا ہے کہ ہم اس دو جماعتی سمجھوتے پر پہنچ گئے یہ کوئی آسان کام نہیں تھا، لیکن آج رات ہماری استقامت سے یہ کام ہو گیا.
کانگریس نے پہلے ہی سابقہ فوجیوں کے امور، داخلہ امور، زراعت اور دوسرے سرکاری اداروں کے لیے رقوم کی منظوری دے دی ہے اس ہفتے منظور ہونے والا بل بہت بڑا ہے جس میں دفاع، ہوم لینڈ سیکیورٹی وغیرہ اور عمومی حکومت کے مختلف شعبوں کے لیے فنڈنگ فراہم کی گئی تھی. ایوان نمائندگان نے یہ بل 134 کے مقابلے میں 286 ووٹوں کی اکثریت سے منظور کیا تھا جس کی 70 فی صد سے زیادہ رقم دفاع کے لیے جائے گی وائٹ ہاﺅس کے مینجمنٹ اینڈ بجٹ آفس کی ڈائریکٹر شالندا ینگ کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس ہونے والے ایک معاہدے کے تحت جو اب مالی ذمے داری ایکٹ بن چکا ہے وفاقی حکومت کو آنے والے عشرے میں کوئی ایک ٹریلین ڈالر کی بچت ہو گی.



