ملک مشکل معاشی حالات سے دوچار ، شاہ خرچیوں میں کمی لائیں گے ، وزیرا عظم شہباز شریف
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ محنت کش ہم سب کیلئے سرمایہ حیات ہیں، وقت کا تقاضا ہے کہ امیر اور غریب کے فرق کو کم کیا جائے۔ ملک مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے ، شاہ خرچیوں میں کمی لائیں گے۔
لاہور میں اپنی رہائشگاہ پر عالمی یوم مزدور کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج میں نے دل کی گہرائیوں سے آپ کو اپنے گھر مدعو کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی نے ہر شعبہ زندگی کو متاثر کیا ہے، زندگی غریب لوگوں پر تنگ ہے ،محنت کے باوجود عام آدمی بچوں کی تعلیم ، صحت کے اخراجات بڑی مشکل سے برداشت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ امراء اور کاروباری حضرات اپنی محنت سے جو دولت پیدا کرتے ہیں،اس میں وہ کمزور لوگوں کو بھی حصہ دیں، سرمایہ دار اور محنت کش ایک ہی گاڑی کے پہیے ہیں ، میرے والد بھی ایک مزور تھے، وہ اپنے 6 بھائیوں کے ساتھ مل میں مزدوری کرتے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے بھی محنت کی عظمت بیان کی ہے، آپﷺ نے فرمایا کہ مزدور کا پسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی مزدوری دے دو۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات انتہائی چیلنجنگ ہیں، مزدور کو جائز حق نہیں ملے گا تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔



