پنجاب میں حسد اور گھریلو رقابت پر خاتون نے شوہر کے ساتھ مل کر قریبی رشتہ داروں کے ڈیڑھ سالہ بچے کو اغواء کرکے زندہ دفن کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سرگودھا میانوالی روڈ پرقصبہ قائد آباد کے علاقہ ڈیرھ ٹھٹیانوالہ میں حسد اور گھریلو رقابت میں خاتون مقدس بی بی نے شوہر شفا اللہ کے ساتھ مل کر قریبی رشتہ دار احمد نواز کے ڈیڑھ سالہ معصوم بچے کاشان کو اغواء کرکے زندہ دفن کر دیا۔
بتایا گیا ہے کہ ڈی پی او خوشاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او قائدآباد کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی، جس پر پولیس نے وقوعہ کی اطلاع پر مغوی کی تلاش کے دوران مشکوک جوڑے کو گرفتار کرلیا، ملزمہ مقدس بی بی زوجہ شفاءاللہ اور اس کے شوہر ملزم شفاءاللہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے بچے کو زمین میں زندہ دفن کر کے قتل کیا، پولیس نے خاتون مقدس بی بی کی نشاندہی پر مقتول بچے کی نعش برآمد کرکے پوسٹمارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دی۔
معلوم ہوا ہے کہ ملزمہ مقدس کو شک تھا اس کے شوہر کا اپنی شادی شدہ کزن کے ساتھ ناجائز تعلق ہے، جس پر مقدس نے بچے کاشان کو اغواء کیا اور اپنے شوہر کو مجبور کیا کہ میرا ساتھ دو۔ واقعے سے متعلق ڈی پی او نے کہا ہے کہ اندوہناک واقعہ کے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے قرار واقع سزا دلوائی جائے گی۔



