ایک سفید ریچھ کی برفانی تودے پر سونے کی تصویر نے وائلڈ لائف فوٹوگرافر آف دی ایئر کا پیپلز چوائس ایوارڈ جیت لیا۔
اس برفانی ریچھ کی تصویر برطانیہ سے تعلق رکھنے والے شوقیہ فوٹوگرافر Nima Sarikhani نے ناروے کے خطے Svalbard میں کھینچی تھی۔
فوٹوگرافر نے اس کا نام آئس بیڈ رکھا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ اس تصویر کو دیکھ کر امید جیسے ٹھوس جذبات ابھرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ‘اگرچہ موسمیاتی تبدیلیاں ہمارے لیے سب سے بڑا چیلنج ہیں، مگر مجھے توقع ہے کہ اس تصویر سے لوگوں کی امید بڑھے گی، اب بھی ہمارے پاس مسائل کو حل کرنے کے لیے وقت موجود ہے’۔
برطانیہ کے نیچرل ہسٹری میوزیم کے زیرتحت ہونے والے ایوارڈز کے منتظمین کا کہنا تھا کہ اس مقابلے کا حصہ بننے والی تصاویر کے لیے 75 ہزار سے زائد افراد نے ووٹ ڈالے۔
مجموعی طور پر 50 ہزار تصاویر کو مقابلے کے لیے بھیجا گیا تھا جن میں سے 25 کو شارٹ لسٹ کیا گیا۔
شارٹ لسٹ کی جانے والی 25 تصاویر میں سے آئس بیڈ نے ایوارڈ اپنے نام کیا جبکہ دیگر 4 تصاویر فائنلسٹ قرار پائیں۔
نیچرل ہسٹری میوزیم کے ڈائریکٹر ڈگلس گور نے کہا کہ انعام یافتہ تصویر دلخراش اور سانسیں روک دینے والی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سوچنے پر مجبور کر دینے والی یہ تصویر ہمیں جانوروں اور ان کے رہنے کے مقامات کے باہمی تعلق کی یاد دلاتی ہے اور یہ علم ہوتا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے جانور اپنے رہنے کے مقامات سے محروم ہو رہے ہیں۔
فاتح تصویر کے ساتھ ساتھ دیگر فائنلسٹ تصاویر کی نمائش 30 جون تک لندن کے نیچرل ہسٹری میوزیم میں کی جائے گی۔



