ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیئرمین لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقیوم کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی الیکشن کے نتائج قبول کرے، افواج پاکستان اور عدلیہ کو بدنام نہ ہونے دیا جائے، اگر نتائج پر تحفظات ہیں تو متعلقہ فورمز موجود ہیں۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کا کہنا تھاکہ ہم پاکستان کے ہمدرد ہیں، ایکس سروس مین سوسائٹی ریٹائرڈ اہلکاروں کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے، شہدا کے لواحقین کے مسائل کے حل کیلئے فورم ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں قومی سلامتی پر ٹھیس نہ آئے، کسی ایک پارٹی کودوتہائی اکثریت ہونی چاہیےاوروہ پارٹی منشورپرعمل کرے، دوتہائی اکثریت حاصل کرنے والی جماعت سب کوساتھ لےکرچلے۔
لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم کا کہنا تھاکہ پاکستان کے سپہ سالار کو بدنام کرنے کیلئے اوچھے ہتھکنڈوں کی مذمت کرتے ہیں، آئے روز پاک فوج کے جوان ملک کیلئے جان کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شکایات پرانصاف کےتقاضوں کوپوراکیاجائے، سب کو آپس میں مل بیٹھنا چاہیے، ن لیگ کے رانا ثنا اللہ، سعد رفیق تک کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، باقی لوگوں کو بھی شکست برداشت کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن کے نتائج قبول کرے، افواج پاکستان اور عدلیہ کو بدنام نہ ہونے دیا جائے، اگر نتائج پر تحفظات ہیں تو متعلقہ فورمز موجود ہیں، اگر براہ راست بات ممکن نہیں تو پس چلمن بات بھی ہوسکتی ہے، تمام لیڈرز اور اداروں کو یہی مشورہ ہے ماضی کو بھلا کر آگے بڑھیں۔



