پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر سردار سرفراز نے اعلان کیا ہے کہ 25 فروری سے ملک بھر میں بارشوں، ژالہ باری اور برفباری کا نیا سلسلہ متوقع ہے۔مزید برآں، کراچی اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں بھی اس دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفراز نے مغربی لہروں کے اثر کی وجہ سے اگلے ہفتے سے شمالی علاقوں میں برفباری کے ساتھ ساتھ اہم بارشوں کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ’’ہم 25 فروری سے کچھ اچھی بارشوں کی توقع کر رہے ہیں، جو مارچ تک جاری رہے گی یا مغربی لہروں کے زیر اثر اپریل تک بڑھ سکتی ہے‘‘
چیف میٹرولوجسٹ نے مزید بتایا کہ اس دوران شمالی علاقوں میں پہاڑیوں پر برفباری بھی متوقع ہے جس سے ملک میں دھند اور سموگ کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ متوقع موسمی حالات کے دوران ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ڈاکٹر سردار سرفراز نے ان سیاحوں کے لیے بھی خوشخبری سنائی جو برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سوات اور چترال جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں اس دوران شدید برف باری ہوگی۔



