پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی چیف کو یہ اپنی ذات نہیں بلکہ ملک کے لیے خط لکھوں گا اور انہیں بتاؤں گا کہ آزاد کشمیر میں جو ہو رہا ہے اس پر ہمیں سوچنا پڑے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بیان کے مطابق عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی بنیاد اخلاقی معیار ہے، اگر جمہوریت میں اخلاقیات کا فقدان ہو تو وہ جمہوریت نہیں کہلاتی، پاکستان میں جس طرح سے ڈنڈے سے جمہوریت چلائی جا رہی ہے، یہ جمہوریت کی تضحیک ہے۔
انہوں نے اپنی اہلیہ کے خلاف مقدمات کی سماعت کی رفتار پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کو جس طریقے سے اڈیالہ جیل میں پانچ روز میں دو سزائیں سنائی گئیں، اس مس کنڈکٹ پر جج ابو الحسنات اور جج قدرت اللہ کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے، القادر ٹرسٹ کیس بھی انہی کیسز کی رفتار پر چلایا جا رہا ہے۔



