اسلام آباد: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کا ایک اور کیس تیار کرلیا گیا۔
اس حوالے سے نیب کی انکوائری رپورٹ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے 7 گھڑیاں غیرقانونی لیں اور بیچیں۔ بشریٰ بی بی کوبھی بانی پی ٹی آئی کے ساتھ تحائف موصول ہوئے، بشریٰ بی بی کو جیولری، گھڑی، انگوٹھی اور ہار بطور تحفہ موصول ہوا۔
نیب انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 10 قیمتی تحائف غیر قانونی طور پر رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف گھڑیاں،کف لنکس، پین، ہیرے اور سونے کے سیٹ کو کیس کا حصہ بنایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق تحائف کی قیمت لگانے والا پرائیویٹ تخمینہ ساز نہ ماہر تھا نہ تجربہ رکھتا تھا، تخمینہ ساز کی ملی بھگت سے بانی پی ٹی آئی نے قیمتی گھڑی کے خریدار کو فائدہ پہنچایا، تخمینہ ساز کا بذریعہ ای میل گھڑی کی قیمت کم لگانا ملی بھگت کا ثبوت ہے۔
انکوائری رپورٹ کے مطابق گراف گھڑی کی قیمت 10کروڑ 9 لاکھ 20 ہزار روپے لگائی گئی، 20 فیصد رقم کے مطابق 2 کروڑ ایک لاکھ 78 ہزار روپے سرکاری خزانے کو دیےگئے، محمد شفیق کو گراف جیولری 5 کروڑ 10 لاکھ روپے میں بیچی گئی، محمد شفیق نے ہی اپنی جیب سے 2 کروڑ ریٹینشن کاسٹ ادا کی تھی، محمدشفیق نے ہی جیولری کی انوائس بنائی اور اسسٹنٹ پروٹوکول سیکشن بھجوائی۔



