ملک میں آئندہ ماہ پٹرول کی قیمت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے،یکم جولائی سے پیٹرول کی قیمت میں 7 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 10 روپے فی لیٹر تک اضافے کا امکان بتایا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے اور حکومت کی جانب سے آئندہ بجٹ میںلیوی کی مد میں20روپے اضافے کے سبب قیمتوںمیںاضافے کاامکان ظاہر کیاجارہاہے۔
امریکی خام تیل عالمی منڈی میں 81.22 ڈالر جبکہ برطانوی برینٹ آئل عالمی منڈی میں 85.34 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا ہے۔گزشتہ 20 روز کے دوران عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 8 ڈالر تک اضافہ ہوچکا ہے۔پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 7 روپے اضافے ہوا تو قیمت بڑھ کر 265.16 روپے ہوجائے گی۔
اسی طرح ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے 50 پیسے اضافے کا امکان ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 277.89 ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ حکومت نے عید سے قبل عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لیٹر کی کمی کی تھی جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 258.16 ہو گئی تھی۔جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی تھی ڈیزل کی نئی قیمت267روپے89پیسے فی لیٹر ہوگی تھی۔یکم جون کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔
اب تک پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 35 روپے کا ریلیف عوام کو دیا جاچکا ہے۔وزیر اعظم نے پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کا حکم دیا تھاجبکہ وزیر اطلاعات عطاءتارڑ کا بھی یہ کہنا تھا وزیر اعظم شہباز شریف نے عیدالاضحی پر عوام کوریلیف دینے کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں کمی کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کا حکم دیا تھا۔



