
میٹرک کے جاری امتحانات میں 9 جعلی امیدوار وں کے علاوہ 35 سے زائد موبائل فونز برآمد۔
بلوچستان بورڈ کے چیئرمین میر اعجاز عظیم بلوچ اور کنٹرولر امتحانات میڈم عابدہ کاکڑ کا گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول ڈھاڈر پر چھاپہ، میٹرک کے جاری امتحانات میں جعلی امیدوار وں کے علاوہ 35 سے زائد موبائل فونز برآمدکرلئے بورڈ حکام نے امتحانی سینٹر کے عملے پر آئندہ 3 سالوں کیلئے پابندی عائد کردی۔
بدھ کے روز بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ کے چیئرمین میراعجاز عظیم بلوچ نے کنٹرولر امتحانات میڈم عابدہ کاکڑ کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز ماڈل ہائی سکول ڈھاڈر کا دورہ کیا جہاں میٹرک کے جاری امتحانات کا جائزہ لیا پیپر کے دوران چیئرمین بورڈ اور کنٹرولر امتحانات نے 9 جعلی امیدوار پکڑ لئے جبکہ پیپر کے دوران چیکنگ میں امیدواروں سے 35 سے زائد موبائل فونز برآمد کرلئے گئے۔ بلوچستان بورڈ کے چیئرمین میر اعجاز عظیم بلوچ اور کنٹرولرامتحانات میڈم عابدہ کاکڑ نے امتحانی سینٹر کے عملے کی غفلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، سیکرٹری تعلیم صالح ناصر کی جانب سے نقل کی روک تھام کے حوالے سے خصوصی ہدایات ہیں لیکن امتحانی عملے کی غفلت کی وجہ سے نہ صرف جعلی امیدوار پکڑے گئے ہیں بلکہ پیپر کے دوران نقل کیلئے موبائل کا استعمال بھی کیا جارہا ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دینگے،اس لئے مذکورہ امتحانی سینٹر میں فرائض سرانجام دینے والے عملے کو آئندہ 3 سال کیلئے امتحانی مراکز میں ڈیوٹی پر پابندی عائد کی گئی ہے اور یہ عملہ بلوچستان کے کسی بھی امتحانی سینٹرمیں ڈیوٹی سرانجام نہیں دے سکتی۔



