
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے زڑگئی ڈیم میں گرنے والی 2 خواتین کو بچانے والے نوجوان کیلئے پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) ریسکیو میں نوکری کا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے شمائل خان کیلئے نوکری کے ساتھ تعریفی سرٹیفکیٹ اور نقدانعام کا بھی اعلان کیا اور کہاکہ شمائل خان جیسے لوگ نہ صرف بلوچستان اورپاکستان بلکہ انسانیت کافخرہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ شمائل خان جیسے لوگ بلوچستان کاحقیقی چہرہ ہیں، انہوں نے بغیر لالچ کے زندگی پر کھیل کر 2 انسانوں کی جان بچائی۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھاکہ بلوچستان میں ریسکیو ٹیموں کو متعلقہ جگہوں پرپہنچنےمیں کافی وقت لگتاہے، سول سوسائٹی سے شمائل جیسے لوگ انسانیت کی خدمت کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز شمائل خان نے زیارت میں زڑگئی ڈیم میں ڈوبنےوالی 3 میں سے 2 خواتین کو زندہ نکال لیاتھا۔



