اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی فلائی جناح کی پرواز تاخیر کا شکار، مسافر شدید پریشانی میں مبتلا

اسلام آباد سے کوئٹہ جانے والی فلائی جناح کی پرواز 9P858 شدید تاخیر کا شکار ہوگئی۔ یہ پرواز 13 اگست کی صبح 7 بجے روانہ ہونا تھی مگر مسافروں کو پہلا پیغام 12 اگست کی رات 9:30 پر موصول ہوا، جس میں نیا وقت صبح 9:30 بتایا گیا۔ دوسرا پیغام 13 اگست کی صبح 6:40 پر اس وقت بھیجا گیا جب مسافر ایئرپورٹ کے لیے نکل چکے تھے، اور روانگی کا نیا وقت دوپہر 1 بجے مقرر کیا گیا۔
ایئرپورٹ پہنچنے پر مسافروں نے دیکھا کہ فلائی جناح کے تمام کاؤنٹر بند ہیں اور کوئی عملہ رہنمائی کے لیے موجود نہیں تھا۔ مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت معلومات حاصل کیں تو اے ایس ایف کے ایک اہلکار نے بتایا کہ پرواز اب رات 10 بجے روانہ ہوگی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ شہر سے 28 سے 30 کلومیٹر دور واقع ہے اور مسافروں میں بزرگ، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جو اس طویل تاخیر سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔



