سبز چائے پینے کا یہ فائدہ آپ کو ضرور پسند آئے گا

اگر موٹاپے اور ذیابیطس ٹائپ 2 سے خود کو محفوط رکھنا چاہتے ہیں تو سبز چائے کا استعمال عادت بنالیں۔
یہ بات برازیل میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
São Paulo یونیورسٹی کی اس تحقیق میں چوہوں پر اس گرم مشروب کے تجربات کیے گئے تھے۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سبز چائے کا استعمال جسمانی وزن میں کمی لاتا ہے جبکہ گلوکوز کی حساست کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ انسولین کی مزاحمت بھی کم کرتا ہے۔
اس تحقیق میں سبز چائے کے اثرات کو جانچنےکے لیے محققین نے 4 ہفتوں تک زیادہ کیلوریز والی غذا کا استعمال کرایا جو کہ مغربی جنک فوڈ جیسی تھی۔
محققین کے مطابق یہ بالکل ایسی غذا تھی جو اب بیشتر افراد روزانہ کی بنیاد پر استعمال کرتے ہیں۔
4 ہفتوں بعد ان چوہوں کو 12 ہفتوں تک سبز چائے کا استعمال کرایا گیا۔
اس عرصے کے دوران بھی زیادہ کیلوریز والی غذا کا استعمال جاری رکھا گیا مگر انہیں سبز چائے کے ایکسٹریکٹ کا استعمال بھی کرایا گیا۔
اس ایکسٹریکٹ کی مقدار سبز چائے کی 3 پیالیوں کے برابر تھی۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ خالص سبز چائے میں فلیونوئڈز نامی مرکبات موجود ہوتے ہیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ سبز چائے کا استعمال موٹاپے اور ذیابیطس ٹائپ 2 سے محفوظ رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل سیل بائیو کیمسٹری اینڈ فنکشن میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل اگست 2022 میں یورپین جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ایک تحقیق میں موٹاپے کے شکار چوہوں کو سبز چائے کا استعمال کرایا گیا تو ان کے جسمانی وزن میں 30 فیصد تک کمی آئی۔
اس تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر کوئی فرد اپنے جسمانی وزن میں 5 سے 10 فیصد تک کمی لاتا ہے تو یہ صحت کے لیے بہترین ہوتا ہے اور مختلف امراض کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔



