وہ عام مشروب جس کا روزانہ استعمال جگر کے جان لیوا امراض سے بچا سکتا ہے

اگر آپ کافی پینا پسند کرتے ہیں تو یہ عادت جگر کے جان لیوا امراض سے تحفظ فراہم کرسکتی ہے۔
جرنل Biochemical Pharmacology میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ کافی کو پینے سے جگر کےامراض سے تحفظ مل سکتا ہے یا ان سے متاثر ہونے پر صحت بہتر ہوسکتی ہے۔
اس سے پہلے بھی تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا تھا کہ کافی پینے سے جگر کے امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
مگر اس تحقیق میں وضاحت کی گئی کافی میں موجود ایسے کونسے مرکبات ہوتے ہیں جو جگر کی صحت کو مستحکم رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
اس تحقیق میں ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام پر مبنی ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔
اس تحقیقی کام میں کافی کے استعمال اور جگر کے متعدد امراض کے خطرے میں کمی کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا تھا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ 2 کپ کافی پینے سے جگر کے امراض کی متعدد اقسام کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔
مثال کے طور پر جگر پر چربی چڑھنے کا عارضہ سب سے زیادہ دائمی مرض ہے اور کافی پینے سے اس سے متاثر ہونے کا خطرہ 29 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
اسی طرح اگر کوئی فرد ہیپاٹائٹس سی کا شکار ہو اور وہ روزانہ کافی پینے لگے تو جگر کو نقصان پہنچنے کا عمل سست ہو جائے گا۔
تحقیق میں مزید گہرائی میں جاکر جائزہ لیا گیا کہ وہ کونسے مرکبات ہیں جو لوگوں کے جگر کے لیے مفید ثابت ہوتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ کافی میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے جگر کی صحت کو معاونت ملتی ہے۔
اسی طرح یہ ورم کش مشروب ہے جس سے بھی جگر کو فائدہ ہوتا ہے۔
کافی پینے سے میٹابولزم بھی متحرک ہوتا ہے جبکہ معدے میں موجود بیکٹیریا کا توازن بہتر ہوتا ہے۔
محققین نے بتایا کہ کافی کا استعمال جگر کی صحت کو درست رکھنے کے لیے ایک آسان طریقہ ثابت ہوسکتا ہے یا اگر جگر کے امراض کے شکار ہیں تو ان کی شدت میں کمی لائی جاسکتی ہے۔



