
اسلام آباد: بھارتی فوج نے4 اپریل کی رات کو ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس پر پاک فوج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت نے اتوار کی رات کو متعدد مقامات پر پاکستانی پوسٹوں پر بِلا اشتعال فائرنگ کی۔
سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بھارت نے ایل او سی پر نکیال، کھوئی رٹا، شاردا، کیل سیکٹرز، نیلم اور حاجی پیر سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج نے ان سیکٹرز میں دشمن کی بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیارہے۔
بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف ملکی سیاسی قیادت ایک پیج پر
بھارت کے اشتعال انگیز اقدامات کے خلاف ملکی سیاسی قیادت ایک پیج پر ہیں وزیراطلاعات عطا تارڑ اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے پاک بھارت صورتحال پر سیاسی رہنماؤں کو بریفنگ دی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جارحیت مسلط کی گئی تو دشمن کو منہ توڑ جواب دینے کےلیے تیار ہیں، پاکستان پر امن ملک ہے اور خطے میں امن چاہتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان کیمرا سیشن میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے سیاسی رہنماؤں کو پاک فوج کی تیاریوں سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں مسلم لیگ ن،پیپلزپارٹی،ایم کیوایم ، جے یوآئی،سابق وزیراعظم آزاد کشمیر ، بلوچستان عوامی پارٹی سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
البتہ تحریک انصاف نے پاک بھارت صورتحال پر حکومتی بریفنگ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔
بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی سمیت کیے جانے والے اقدامات پر پاکستان نے بھی بھرپور جواب دیا ہے۔



