انٹرنیشنل

اسرائیلی فوج غزہ سے گدھے کیوں چوری کررہی ہے؟

اسرائیلی فوج نے غزہ میں سڑکیں تباہ کرنے،  غزہ کو ایندھن سے محروم کرنے اور ریسکیو سروسز کی گاڑیوں کو تباہ کرنے کے بعد فلسطینیوں کے زیر ملکیت گدھوں کو اپنا ہدف بنالیا جو کہ محصور پٹی میں لوگوں کی زندگی کا آخری سہارا ہیں۔

اسرائیلی نیوز چینل کان کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج مبینہ طور پر  غزہ پٹی سے سیکڑوں گدھے چرا کر اسرائیل لے گئی اور پھر انہیں فرانس منتقل کر دیا تاکہ انہیں غزہ کی تعمیرِ نو میں استعمال نہ کیا جا سکے۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ گدھوں کی منظم لوٹ مار تھی جو اسرائیلی اور یورپی اداروں کی ملی بھگت سے ہوئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیلی فوجیوں نے غزہ میں اپنے کنٹرول والے علاقوں سے گدھے چوری کیے اور اس لوٹ مار کو ’ویٹرنری ریسکیو آپریشن‘ کا نام دیا گیا۔

عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق مسلح تصادم کے دوران شہری املاک کو زبردستی ضبط کرنا جنگی جرم شمار ہوتا ہے۔

 

کان کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ غزہ سے اکٹھے کیے گئے یہ گدھے  تل ابیب کے جنوب میں  ایک فارم ’اسٹارٹنگ اوور سینکچری‘ منتقل کیے گئے، فارم کی ویب سائٹ پر ان جانوروں کو ’نفسیاتی صدمے کے شکار‘ کے طور پر پیش  کیا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ انہیں خصوصی علاج کی ضرورت ہے۔

کان کے مطابق 18 مئی 2025 کو 58 گدھوں پر مشتمل پہلی کھیپ اسرئیل کے بن گوریون ائیرپورٹ سے بیلجیئم کے لیژ ائیرپورٹ پہنچی اور پھر فرانس میں جانوروں کے شیلٹرز میں منتقل کیا گیا۔

ان شیلٹرز میں ’لا تانیئر – زو ریفیوج‘ بھی شامل ہے جو فرانسیسی شہر شارتر کے قریب واقع ہے۔ اس شیلٹر نے ان گدھوں کو خوش آمدید کہا، اس پورے عمل کو ’ہمدردی اور مہذب رویے کی علامت‘ بنا کر پیش کیا مگر ان کے اصل فلسطینی مالکان کا کوئی ذکر نہیں کیا۔

اسرائیلی اخبار ہارٹز میں لکھے گئے مضمون میں ایک فلسطینی نے لکھا کہ غزہ میں گدھے دکھ کی علامت نہیں بلکہ لوگوں کی زندگیوں کا سہارا ہیں۔

فلسطینی نے لکھا کہ جب ٹینکروں کے ذریعے پانی پہنچانا ممکن نہیں ہوتا تو گدھا گاڑیوں پر ہی پانی پہنچایا جاتا ہے، اسرائیلی بمباری سے بچنے کے لیے اپنے علاقے چھوڑنے والوں کے لیے یہی گدھا گاڑیاں سواری بنتی ہیں اور زخمیوں کو اسپتال پہنچانے کے لیے یہی گدھا گاڑیاں ایمبولینسز کا کام کرتی ہیں۔

مضمون میں لکھا گیا کہ جب اسرائیل ان گدھوں کو ریسکیو  آپریشن کے نام پر چوری کرتا ہے تو دراصل وہ فلسطینیوں پر زندگی مزید تنگ کرتا ہے۔

کسی گدھے کو بچا لینا مگر اس کے مالک کو خوراک اور پانی سے محروم رکھنا رحم دلی نہیں بلکہ  غزہ کے لوگوں کے لیے اسرائیل کا ایک پیغام ہے کہ ان کا دکھ کسی کو نظر نہیں آتا اور ان کی زندگی کی کسی کو قدر نہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker