بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں کلاؤڈ برسٹ سے تباہی، گھر گاڑیاں کیچڑ تلے دب گئے، متعدد افراد لاپتہ

بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں کلاؤڈ برسٹ سے ایک شخص ہلاک اور متعدد کیچڑ تلے دب کر لاپتا ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتراکھنڈ کے ضلع چمولی میں جمعہ کی رات کلاؤڈ برسٹ ہوا جس کے بعد آنے والے کیچڑ کے سیلاب میں متعدد گھر اور گاڑیاں بھی دب گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقامی حکام نے اب تک ایک ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ علاقے کی تھرالی مارکیٹ اور تھرالی تحصیل کمپلیس مکمل طور پر کیچڑ اور کچرے سے بھرے ہوئے ہیں، اسکے علاوہ متعدد رہائشی عمارتیں، گاڑیاں اور دکانیں بھی کیچڑ تلے آگئے ہیں جب کہ ان میں عدالتی مجسٹریٹس کے گھر بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق ساگوارا کے علاقے میں بلڈنگ میں کیچڑ بھرنے سے ایک لڑکی کیچڑ تلے دب گئی جسے ریسکیو نہیں کیا جاسکا جب کہ صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو گھروں سے محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ شدید بارشوں اور اور کیچڑ سے سڑکوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
مقامی حکام کا کہنا ہےکہ کلاؤد برسٹ کے باعث علاقے میں بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ ہے کیونکہ متعدد گھر مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں، گزشتہ رات سے علاقے میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔



