فزکس کا نوبیل انعام کوانٹم ٹیکنالوجی پر کام کرنے والے 3 سائنسدانوں کے نام

سوئیڈن کی رائل اکیڈمی آف سائنسز نے 2025 کے لیے فزکس کا نوبیل انعام 3 سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر دینے کا اعلان کیا ہے۔
ان میں سے ایک سانسدان امریکی، ایک فرانسیسی اور ایک برطانوی ہے، مگر تینوں امریکی جامعات سے منسلک ہیں۔
فزکس کا نوبیل انعام جان کلارک، مشیل ایچ ڈیوریٹ اور جان ایم مارٹینس کےنام رہا۔
ان تینوں کو یہ اعزاز مائیکرو اسکوپک کوانٹم مکینیکل ٹنلنگ اور الیکٹرک سرکٹ کی توانائی کے کوانٹائزیشن کی دریافت پر دیا گیا۔
طب کا نوبیل انعام مدافعتی نظام کے افعال دریافت کرنے والے 3 سائنسدانوں کے نام
نوبیل کمیٹی نے کوانٹم ورلڈ کی حیران کن خصوصیات کے مظاہرے کو سامنے لانے پر تینوں کو سراہا۔
اس موقع پر برطانیہ سے تعلق رکھنے والے جان کلارک نے کہا کہ وہ نوبیل انعام جیتنے کے بارے میں جان کر دنگ رہ گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی احساس نہیں کیا تھا کہ ہمارا کام نوبیل انعام دلا سکتا ہے۔
جان کلارک نے 1980 کی دہائی میں اس حوالے سے کیلیفورنیا یونیورسٹی (بارکلے) کے لیے تحقیقی کام کیا تھا۔
مشیل ایچ ڈیوریٹ فرانسیسی ہیں مگر وہ امریکا کی یالے یونیورسٹی سے منسلک ہیں جبکہ جان ایم مارٹینس کیلیفورنیا یونیورسٹی (سانتا باربرا) سے تعلق رکھتے ہیں۔
نوبیل انعام کے ساتھ دی جانے والی 11 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم بھی تینوں سائنسدانوں میں تقسیم کی جائے گی۔
ان تینوں کے تحقیقی کام سے نئی نسل کی کوانٹم ٹیکنالوجی جیسے کوانٹم کرپٹوگرافی، کوانٹم کمپیوٹرز اور کوانٹم سنسرز کا راستہ کھلا۔
اس سے قبل 6 اکتوبر کو نوبیل کمیٹی نے مدافعتی نظام کے افعال کی دریافت پر کام کرنے والے 3 سائنسدانوں کو طب کا نوبیل انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ 8 اکتوبر کو کیمسٹری، 9 اکتوبر کو ادب اور 10 اکتوبر کو امن کے نوبیل انعام کا اعلان کیا جائے گا۔
معیشت کا نوبیل انعام 14 اکتوبر کو دیا جائے گا۔



