لوگ کہتے تھے تم جاپانی اور کورینز کو نہیں ہرا سکتے، ٹیکن چیمپئن ارسلان کی جیو پوڈکاسٹ میں گفتگو

پاکستان کے ای اسپورٹس چیمپئن ارسلان ایش جیو پوڈ کاسٹ کے مہمان بنے جہاں انہوں نے ای گیمز میں آنے اور اپنی ذاتی زندگی سے متعلق باتیں کیں۔
ارسلان صدیقی کا تعلق لاہور سے ہے اور وہ 6 مرتبہ EVO چیمپئن بھی رہ چکے ہیں، انہیں ٹیکن کا بہترین کھلاڑی کہا جاتا ہے۔
جیو پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ارسلان ایش نے بتایاکہ میں گیمنگ کے حوالے سے گھر والوں کو نہیں سمجھا سکا تھا، میرے لیے وہ لمحہ آج بھی ایموشنل ہے جب میں نے والدہ کو بولا کہ میں سی اے نہیں کرنا چاہتا اور گیمنگ پر باہر جانا چاہتا ہوں بس ایک بار یقین کرلیں میں کچھ کروں گا۔
انہوں نے کہاکہ والدہ کی آنکھوں میں نا امیدی تھی، وہ رونے لگیں تھیں کہ اس نے پڑھنا نہیں ہے اور یہ ہاتھ سے نکل گیا لیکن میں نے والدہ کو راضی کرلیا اور امید دلاتے ہوئے کہا کہ صرف ایک سال دیں اس کے بعد جو بولیں گی کروں گا۔
ان کا کہنا تھاکہ اس کے علاوہ میں اپنے بھائیوں اور روز ساتھ گیم کھیلنے والے دوستوں کو بھی اس حوالے سے آج تک نہیں سمجھا سکا، وہ کہتے تھے کہ تم جاپانی اور کورینز کو نہیں ہرا سکتے لیکن ہم میں اتنا ہی ٹیلنٹ ہے جتنا ان لوگوں میں ہے، اس پر آگاہی کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کہا جو محنت کرتا ہے وہ کہیں بھی ہو آگے چلا جاتا ہے، جب تک میں جیتا نہیں، بھائی سمیت کسی کو نہیں سمجھا سکا اور اس کیلئے جیت ضروری تھی جو میرے لیے مشکل تھا۔
ارسلان ایش کا کہنا تھاکہ گیم کھیلنے کا آغاز محلے کی دکان سے کیا، پھلوں کی دکان کے پیچھے گیمز رکھی ہوتی تھیں، اب وہ دکان نہیں ہے لیکن فروٹ کی دکان ہے جو ان کا بیٹا چلاتا ہے۔



