میلبرن ائیرپورٹ پر پاور بینک پھٹنے سے مسافر جھلس گیا

آسٹریلیا کے میلبرن انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایک شخص اس وقت آگ کی لپیٹ میں آ گیا جب اس کی جیب میں رکھا لیتھیئم پاور بینک اچانک بھڑک اٹھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق متاثرہ مسافر قانتس ائیرلائن کے بزنس لاؤنج میں موجود تھا جب پاور بینک نے حرارت کے باعث آگ پکڑ لی، پاور بینک پھٹنے سے لاؤنج دھوئیں سے بھر گیا اور تقریباً 150 افراد کو باحفاظت لاؤنج سے باہر نکال لیا گیا۔
عملے نے فوراً متاثرہ شخص کو لاؤنج کے شاور میں پہنچایا جس کے بعد طبی عملے نے اسے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ زخمی مسافر کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔
ائیرلائن نے اعلان کیا ہے کہ وہ مسافروں کے پاور بینک اور دیگر لیتھیئم بیٹریوں کے حوالے سے اپنی پالیسی کا جائزہ لے رہی ہے اور جلد نئی ہدایات جاری کی جائیں گی۔
کئی ائیرلائنز کی جانب سے پہلے ہی مسافروں کو ہدایت دی جاچکی ہے کہ وہ پاور بینک یا اضافی بیٹریاں اپنے پاس یا سیٹ کے نیچے والے بیگ میں رکھیں نہ کہ اوور ہیڈ کمپارٹمنٹ میں۔
بعض بین الاقوامی ائیرلائنز نے پرواز کے دوران پاور بینکس کے استعمال یا چارجنگ پر مکمل پابندی لگا رکھی ہے۔ اس کے علاوہ کچھ ائیرلائنز نے پاور بینک کی گنجائش کی بنیاد پر بھی حد مقرر کی ہے۔



