فرانس میں ایک اور بڑی چوری

فرانس میں ایک اور بڑی چوری کی واردات سامنے آئی ہے، جس میں چوروں نے 90,000 یوروز (تقریبا 3 کروڑ پاکستانی روپے) مالیت کے تازہ اور منجمد گھونگے چوری کر لیے ہیں۔
یہ گھونگے ”ل’یسکارگو ڈے گرانڈز“ فارم سے چرائے گئے، جہاں انہیں مِشیلن اسٹار ریسٹورانٹس کے لیے مخصوص کیا گیا تھا۔
پروڈیوسر جان میتھیو ڈاوریگنے نے اس چوری پر حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گھونگے اتوار کی رات سے پیر کی صبح کے درمیان چرائے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریباً 450 کلوگرام گھونگے چوری ہوئے ہیں، جو خاص طور پر کرسمس کے موقع پر اعلیٰ درجے کے ریسٹورانٹس کو فراہم کیے جانے والے تھے۔
ڈاوریگنے نے مزید بتایا کہ چوروں نے فارم کی باڑ کو کاٹا، دروازے کو کراؤ بار سے توڑا اور روشنی کے سینسرز کو بھی توڑ دیا۔ پھر انہوں نے کولڈ اسٹوریج رومز میں موجود گھونگوں کو چُرا لیا۔
انہوں نے کہا کہ ”یہ بہت حیران کن ہے کہ چوروں نے 450 کلوگرام گھونگے چُرا لیے۔ اتنی بڑی مقدار کی چوری ایک منظم نیٹ ورک کی نشانی ہے۔“
یہ گھونگے فرانس کے مشہور مِشیلن اسٹار ریسٹورانٹس میں استعمال کے لیے مخصوص تھے، جن میں ریئمس کا ”ڈومین لی کریئرز“ ریسٹورانٹ شامل ہے، جہاں ان گھونگوں کو پف پیسٹری ڈش میں پیش کیا جاتا ہے۔



