مسلم ممالک کے اعتراض پر ٹونی بلیئرکا نام غزہ امن کونسل سے نکال دیا گیا

اسلامی ملکوں کے اعتراض کے بعد سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کا نام غزہ امن کونسل سے نکال دیا گیا۔
برطانوی اخبارکی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ٹونی بلیئر کو عرب اور مسلم ممالک کے اعتراضات پر ٹرمپ کے جنگ بندی منصوبے میں غزہ امن کونسل سے نکال دیا گیا ہے۔
تاہم رپورٹ میں یہ امکان بھی ظاہرکیا گیا ہےکہ ٹونی بلیئر غزہ میں اب بھی کوئی کردار ادا کرسکتے ہیں۔
خیال رہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ستمبر میں غزہ میں امن منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کا نام غزہ امن کونسل کے لیے تجویز کیا تھا۔
یاد رہےکہ برطانوی وزیراعظم کی حیثیت سے ٹونی بلیئر نے 2003 میں عراق پر حملے کی بھرپور حمایت کی تھی اور امریکا کا ساتھ دینے کے لیے برطانوی فوجیوں کو بھی عراق بھیجا تھا۔
یہ جنگ ان دعووں کی بنیاد پر شروع کی گئی تھی کہ عراقی صدر صدام حسین کی قیادت میں عراق کے پاس بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار موجود ہیں تاہم بعد میں یہ سب دعوے غلط ثابت ہوئے۔



