دشمن اتنا کمزور ہے کہ فوج سے لڑنے کے بجائے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چودھری کا کہنا ہے کہ بھارتی حملے میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق 31 شہید اور 57 زخمی ہو چکے ہیں۔
پریس کانفرس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ بھارتی بزدلانہ حملے کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، دشمن اتنا کمزور ہے کہ فوج سے لڑنے کے بجائے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایاہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے آچکاہے، کیا یہ بےگناہ بچے اور شہری دہشت گرد ہیں؟
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آپ بھارت سے ایسی توقع کر سکتے ہیں کہ کس طرح بھارت اپنی پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، جب ہم نے دہشت گردوں کے لیے زمین تنگ کرنا شروع کی تو بھارت اپنی فوج کے ذریعے دہشت گردی پر اتر آیا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ جب یہ حملہ ہوا تو پاکستان کی افواج نے اپنے دفاع میں صرف ملٹری ٹارگٹس کو چنا، ہم نے بزدل دشمن کی طرح شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا، 3 رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی طیارے تباہ کیے گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دنیا کے سامنے شواہد سے ثابت ہوا کہ بھارت دیگر ممالک میں دہشت گردی میں ملوث ہے، ایل او سی پر بھارت کی جارحیت اور سیز فائر کی خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے، افواجِ پاکستان نے بھارت کے 7 چھوٹے بڑے ڈرونز کو بھی تباہ کیا، 2 اپنے قبضے میں لیے۔
انہوں نے بتایا کہ ان تمام حملوں میں پاک افواج کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، ہم نے میڈیا کو لائن آف کنٹرول کا دورہ کرایا، جب فضائی اٹیک ہوا اس وقت 57 فلائٹس فضا میں تھیں، یہ مسافر طیارے مختلف ممالک کے تھے جنہیں بھارت نے خطرے میں ڈالا، بھارت کی طرف سے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ پر بھی شیلنگ کی گئی۔
بولے کہ جنیوا کنونشن کے مطابق عوام الناس اور پانی کی تنصیبات کو نشانہ نہیں بنا سکتے، جب آپ ڈیمز کو نشانہ بناتے ہیں تو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں، پاکستان اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ قوم کو افواجِ پاکستان پر اور افواج کو اپنی بہادر قوم پر فخر ہے، افواجِ پاکستان اور قوم دشمن کے خلاف متحد ہیں، اپنے عوام اور زمین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔



