کلفٹن سے جوڑے کی لاش ملنے کا کیس: مقتول کے والد نے لڑکی کے بھائی پر شک ظاہر کردیا

کراچی: کلفٹن میں قتل کیے گئے ساجد کے والد عارف نے بیٹے کے دوست اور بہو کے بھائی سمیت 5 افراد پر شک ظاہر کردیا۔
مقتول ساجد کے والد عارف کا کہنا ہے کہ’احتشام میرے بیٹے ساجد کا دوست تھا اور گوجرانوالہ سے ہی ساتھ نکلا تھا، بیٹا 14 جولائی کو گھر سے نکلا جس کے بعد کچھ نہیں پتا وہ کہاں گیا’۔
مقتول کے والد نے بتایا کہ ‘اگلے ہی دن ثنا کے گھر کی دیگر خواتین گھر آکر ہمیں ڈرانے دھمکانے لگیں، ہم نے خوف کے باعث گھر چھوڑ دیا، کہیں اور منتقل ہوگئے‘۔
عارف کا کہنا تھا کہ ’ان لوگوں نے ہمارے گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچایا، آج پولیس کے پاس آئے ہیں اور بیان ریکارڈ کرادیا ہے‘۔
مقتول ساجد کے والد نے مزید بتایا کہ ’سوشل میڈیا اور رشتے داروں سے لاشیں ملنے کا علم ہوا، معلومات کرنے جناح اسپتال پہنچے جہاں تصویریں دیکھ کر بیٹے کو شناخت کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ کراچی میں بوٹ بیسن تھانے کی حدود کلفٹن میں چائنہ پورٹ کے قریب ملنے والی جوڑے کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جوڑے کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا گیا، دونوں کو سر کے پچھلے حصے پر ایک ایک گولی ماری گئی، جائے وقوع سے ملنے والے موبائل فون میں سم نہیں ہے۔
مقتول جوڑے کا نکاح نامہ منظرِ عام پر آ گیا، مرنے والے میاں بیوی تھے، جن کا تعلق گوجرانوالہ سے تھا۔
دستاویز کے مطابق مقتول ساجد مسیح نے 22 جولائی کو اسلام قبول کیا تھا اور دونوں نے 22 جولائی کو ہی کورٹ میرج کی تھی۔
دوسری جانب مقتولہ ثنا آصف کے بھائی وقاص علی کی مدعیت میں تھانہ تتلے علی ضلع گوجرنوالہ میں 17 جولائی 2025ء کو مقتول ساجد مسیح کے خلاف ثناء آصف کے اغواء کا مقدمہ درج ہے۔



