پاکستانتازہ ترین

پاکستان اور امریکا کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ، انسداد دہشتگردی کیلئے مضبوط ادارہ جاتی ڈھانچے کی تعمیر پراتفاق

پاکستان اور امریکا نے اسلام آباد میں ہونے والے کاؤنٹر ٹیررازم ڈائیلاگ میں دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کو دوہراتے ہوئے دہشت گرد تنظیموں بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)، داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) جیسے گروہوں کے خلاف مؤثر حکمت عملی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ 

ترجمان دفترخارجہ شفقت علی خان کی طرف سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی پر اہم مذاکرات 12 اگست کو وزارتِ خارجہ میں ہوئے جس کی مشترکہ صدارت پاکستان کے اسپیشل سیکرٹری برائے اقوام متحدہ نبیل منیر اور امریکی محکمہ خارجہ کے ایکٹنگ کوآرڈینیٹر برائے کاؤنٹر ٹیررازم گریگوری ڈی لوگیرفو نے کی۔

مذاکرات میں دہشت گردی کی تمام اقسام اور صورتوں کے خاتمے کے عزم کو دوہرایا گیا۔

دونوں ممالک نے اس بات پر زور دیا کہ بی ایل اے، داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان جیسے گروہ خطے اور دنیا کے امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

امریکا نے پاکستان کی جانب سے دہشت گرد عناصر کو قابو میں رکھنے کی کامیاب کوششوں کو سراہا۔ اس موقع پر امریکی وفد نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے اور خضدار میں اسکول بس پر بم دھماکے میں شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت بھی کی۔

مذاکرات میں یہ بھی طے پایا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے دہشت گردانہ استعمال کو روکنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے گی، دونوں ممالک نے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے اور انسداد دہشت گردی کے لیے صلاحیتوں میں اضافہ کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

پاکستان اور امریکا نے عالمی فورمز، خصوصاً اقوام متحدہ میں قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ دیرپا امن و استحکام کے لیے مسلسل اور باقاعدہ روابط نہایت ضروری ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker