پاکستان

دھرتی کے بہادر سپوتوں کی بدولت سر فخر سے بلند ہیں: سفیر پاکستان

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ دھرتی کے بہادر سپوتوں کی بدولت ہمارے سر فخر سے بلند ہیں۔

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے یہ بات ہیوسٹن میں تقریب سے خطاب میں کہی۔

تقریب کا اہتمام پاکستانی امریکن کمیونٹی نے اے سی ٹی (آرٹس ، کلچر، ٹیسٹ (ذائقہ) پاکستان 2025 کے عنوان سے کیا تھا جس میں ٹیکساس اور امریکا کے دیگر علاقوں میں رہنے والے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی ۔

سفیر پاکستان نے کہا کہ ہم دھرتی کے ان بہادر سپوتوں کے شکر گزار ہیں جن کی بدولت ہمارا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ ہماری افواج نے دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ ہماری خودمختاری ناقابلِ تسخیر ہے۔

سفیر پاکستان نے "بنیان المرصوص” کا حوالہ دیتے ہوئے زور دیا کہ مشن کی اصل روح اس وقت مکمل ہو گی جب پاکستان معاشی طور پر مضبوط ہو کر دنیا کے سامنے سربلند کھڑا ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ ناقابلِ تسخیر دفاع کی بنیاد ایک مضبوط معیشت ہے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حالیہ اقتصادی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے، سفیرپاکستان نے کہا کہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے ملک کی بہتر درجہ بندی معاشی بحالی کا ثبوت ہے۔

پاک امریکا تعلقات پر بات کرتے ہوئے سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مثبت اور ترقی کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو بڑے ملکوں کے درمیان مضبوط تعلق صرف ضروری ہی نہیں بلکہ ناگزیر ہیں۔

سفیر پاکستان نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کو دونوں ممالک کے درمیان سب سے مضبوط پل قرار دیتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا اور انہیں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔

ہیوسٹن میں پاکستان کے قونصل جنرل محمد آفتاب چوہدری، ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹیز انٹرنیشنل کے سربراہ سعید شیخ ، سراج نارسی، قائداعظم فاونڈیشن امریکا کے چیئرمین ڈاکٹر آصف قدیر اور دیگر بھی اس موقع پرموجود تھے۔

اس تقریب میں بنگلادیش سمیت 6 ممالک کے قونصل جنرلز، کاروباری، پیشہ ورانہ، اور کمیونٹی حلقوں کے افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

ہیوسٹن کے میئر جان وٹمائر کی جانب سے ایک خصوصی پروکلیمیشن بھی تقریب میں پڑھ کر سنائی گئی، جس میں 14اگست کو "یومِ پاکستان” کے طور پر ٹیکساس میں منانے اعلان کیا گیا۔

 

تقریب میں معروف گلوکار تحسین جاوید کے گیتوں نے سماں باندھ دیا۔ اس موقع پر ثقافتی ملبوسات کا دلکش شو بھی ہوا جسے شرکا نے خوب سراہا۔

پاکستانی آموں کا اسٹال تقریب میں سب سے زیادہ پسندکیا جانے والا مقام تھا۔ سوال و جواب کے سیشن میں صحیح جوابات دینے والے شرکاء کو آموں کی پیٹیاں بطور انعام دی گئیں۔

لکی ڈرا کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں دو خوش نصیب شرکاء کو دنیا کے کسی بھی مقام کا راؤنڈ ٹرپ ٹکٹ، استنبول میں مفت قیام اور مہمان نوازی کے ساتھ دیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker