
لاہور : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 22 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں مون سون کی شدید بارشیں متوقع ہیں۔ بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کی تیز ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں جن کا زیادہ اثر جنوبی حصوں پر پڑے گا۔
سندھ کے کئی اضلاع جیسے مٹھی، تھرپارکر، عمر کوٹ، میرپورخاص، حیدرآباد، کراچی، ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور دیگر علاقوں میں تیز بارش اور گرج چمک کے ساتھ موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔ خاص طور پر نشیبی علاقے بارشوں کی وجہ سے پانی میں ڈوبنے کا خطرہ ہے۔
بلوچستان کے اضلاع بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، ژوب، خضدار، کیچ اور گوادر میں بھی بارش، تیز ہوائیں اور گرج چمک جاری رہ سکتی ہے، جس کی وجہ سے ندی نالوں میں طغیانی کی توقع ہے۔
اسی دوران اسلام آباد، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش کا سلسلہ برقرار رہے گا۔
محکمہ موسمیات نے عوام کو تاکید کی ہے کہ وہ خطرناک علاقوں میں غیر ضروری طور پر نہ جائیں اور موسمی صورتحال سے آگاہ رہیں۔ تیز بارش اور آندھی کے باعث کمزور عمارتیں، بجلی کے کھمبے اور دیگر ڈھانچے متاثر ہو سکتے ہیں، لہٰذا احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے۔



