پاکستان

والد کی میت گاؤں لاتے ہوئے گاڑی کو حادثہ، بدقسمت خاندان کے مزید 7 افراد جاں بحق

صوبہ سندھ کے ضلع نوشہرو فیروز میں تیز رفتار ٹرالر نے کار کو ٹکر دے ماری، حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مقامی پولیس کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ ضلع نوشہرو فیروز میں سدھوجا کے قریب قومی شاہراہ پر پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرالر کار سے جا ٹکرایا، اس افسوسناک حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 7 افراد لقمہ اجل بن گئے، جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے، 2 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں، جن کی میتیں ان کے آبائی گاؤں کی طرف روانہ کر دی گئیں ہیں۔

پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے ایک شخص کی شناخت علی احمد جانوری کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع خیرپور کے گاؤں لقمان جان محمد جانوری کا رہائشی تھا، علی احمد جانوری کے والد غلام محمد جانوری کی کراچی میں وفات ہوگئی تھی اور وہ اپنے والد کی میت کو گاؤں لے جا رہے تھے کہ یہ المناک حادثہ پیش آیا، علی احمد جانوری کی بیوی شبیراں اور بیٹی اسماء بھی حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔

دوسری طرف موٹروے ایم فائیو پر ڈرائیورکونیند آجانے کے باعث کار بے قابو ہوکر ٹرالر سے ٹکراگئی، ایک ہی خاندان کے کمسن بچے سمیت 4 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے، یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب محمد نگر کا رہائشی 50 سالہ محمد خالد اپنی 45 سالہ بیوی غزالہ بی بی‘ بیٹے ارباز‘ بہوعدیلہ نبی‘ بیٹی اقراء اور پوتے داؤد ارباز کے ہمراہ کار پر ملتان سے واپس محمد نگر آرہا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ موٹروے ایم فائیو ظاہر پیر کے نزدیک ڈرائیور کو نیند آجانے پر کار سامنے جانے والے ٹرالر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجہ میں محمد خالد‘ غزالہ بی بی‘ عدیلہ بی بی اور 9 ماہ کا داؤد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر دم توڑ گئے جب کہ 28 سالہ ارباز اور 26 سالہ اقراء شدید زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیوکی مدد سے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا، بعد ازاں جاں بحق ہونے والون کی کوٹ سمابہ اور صادق اباد کے ابائی علاقوں مین نماز جنازہ ادا کردی گئی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker