سری لنکا کیخلاف جیت: پاکستان کیلئے ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچنے کا آسان طریقہ کونسا ہے؟

ایشیا کپ سپر 4 مرحلے میں پاکستان نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 2 اہم پوائنٹس حاصل کرلیے۔
ایشیا کپ کے سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں آج ابوظبی میں مد مقابل تھیں۔جہاں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 133 رنز بنائے۔کامندو مینڈس 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔
جواب میں پاکستان نے سری لنکا کا 134 رنز کا ہدف 18 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مکمل کرکے 2 پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے فائنل میں پہنچنے کیلئے امید کو زندہ رکھا۔
پوائنٹس ٹیبل پر ایک نظر
سپر4 مرحلے کی ٹاپ 2 ٹیموں نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرنا ہے۔ہر ٹیم کو 3 میچز کھیلنے ہیں۔
پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو بھارت ایک میچ کھیل کر 2 پوائنٹس حاصل کرکے پہلے نمبرپر ہے جبکہ بنگلادیش بھی ایک میچ کھیل کر کامیابی کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے۔
پاکستان 2 میچز میں ایک میں کامیابی کے بعد 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ سری لنکا مسلسل 2 میچز ہار کر آخری پوزیشن پر ہے۔
پاکستان کیلئے فائنل میں پہنچنے کا آسان طریقہ کیا ہے؟
ایشیا کپ کے فائنل میں پہچنے کیلئے پاکستان کا سب سے آسان راستہ یہ ہے کہ وہ بنگلادیش کے خلاف اپنا آخری میچ جیتے اور دوسری جانب بھارت اپنے بقیہ 2 میچز( بنگلادیش اور سری لنکا) میں کامیابی حاصل کرے۔
اس صورت میں بھارت 6 پوائنٹس اور پاکستان 4 پوائنٹس کے ساتھ ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ جائے گا۔



