امریکی کانگریس ارکان کا مریم نواز کے نام خط، اینٹوں کے بھٹوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر تعریف

امریکی کانگریس ارکان نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نام خط لکھا ہے جس میں اینٹوں کے بھٹوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے ۔
کانگریس ارکان کا کہنا ہے کہ اینٹوں کے بھٹوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا مقصد ماحولیاتی چیلنجز کا مقابلہ اور جبری مشقت کا خاتمہ ہے ۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز کے نام خط میں کانگریشنل پاکستان کاکس کا کہنا ہےکہ بھٹہ انڈسٹری میں ساڑھے چار ملین سے زائد افراد پیشگی نظام میں جکڑے ہیں۔ غیر منصفانہ مزدوری کا یہ طریقہ صدیوں سے جنوبی ایشیا میں رائج ہے ۔
امریکی کانگریس ارکان کے خط میں کہا گیا کہ ہمیں مائیک برکلے اور ڈاکٹر روبینہ فیروز نے پنجاب انتظامیہ کے اس انقلابی اقدام سے آگاہ کیا ہے ۔ بھٹو ں کی صنعت میں جدت سے جبری مشقت کے خاتمے کی عالمی ذمہ داریاں پوری کرنے میں مدد ملے گی۔



