راولپنڈی میں بھی ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر ای چالان کا آغاز ہوگیا

راولپنڈی میں بھی ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر ای چالان کا آغاز ہوگیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کے مطابق راولپنڈی میں آج سے سیف سٹی منصوبہ مکمل طور پر فعال ہے، سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر ای چالان کا آغاز ہوگیا ہے، راولپنڈی میں 359 مقامات پر 2 ہزار سے زائد کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔
چیف ٹریفک آفیسر کے مطابق سیف سٹی کیمروں سے موٹر سائیکل و گاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائےگی،کیمروں کی مدد سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر خودکار چالان ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہیلمٹ، سیٹ بیلٹ، سگنل وائلیشن سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر ای چالان ہوں گے۔ ای چالان تصاویر اورکوڈ کے ساتھ مالک کوگھر کے پتے پر موصول ہوگا۔
فرحان اسلم کا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ٹریفک انتظامات میں مزید بہتری آئے گی اور ای چالاننگ سسٹم سے ٹریفک وارڈنز کی توجہ ٹریفک کی روانی پر مرکوز ہوگی۔



