پاکستان
سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کی فیلڈ مارشل سےملاقات، پاک سعودی اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور
سعودی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے یادگار شہداء پرپھول رکھے، پاک فوج کے چاق وچوبند دستے نے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کوگارڈ آف آنر پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ ملاقات میں دو طرفہ باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی، پاک سعودی دیرینہ اور اسٹریٹجک فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا، دفاعی تعاون، سکیورٹی اشتراک اور انسداد دہشت گردی کےاقدامات کےفروغ کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے سعودی افواج سے مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون کو سراہا، سعودی چیف آف جنرل اسٹاف نے مضبوط شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔



