ڈی آئی خان: سیکیورٹی فورسز کا فتنۃ الخوارج کے خلاف آپریشن، 22 دہشت گرد ہلاک

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 22 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ اس دوران سیکیورٹی فورسز اور فتنۃ الخوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 22 خوارج مارے گئے ہیں، علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی ممکنہ بھارتی اسپانسرڈ خوارج کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن ”عزم استحکام“ کے تحت انسداد دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔



