
لندن: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی برطانیہ پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی چند پاکستانیوں کی حوالگی کے معاملے پر برطانوی وزارت خارجہ کے حکام سے بات چیت متوقع ہے۔
محسن نقوی تین دن برطانیہ میں قیام کریں گے جہاں وہ چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے پی ایس ایل کے آئندہ سیزن کی لانچ کی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔ یہ تقریب اتوار کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی کی برطانوی فارن آفس کے حکام سے بھی ملاقات طے ہے، محسن نقوی کی طرف سے چند پاکستانیوں کی حوالگی کےمعاملے پربات چیت بھی متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ محسن نقوی ان پاکستانیوں سے متعلق شواہد پہلے ہی برطانوی ہائی کمشنرکے حوالےکرچکے ہیں۔
دوسری جانب برطانوی فارن آفس کے ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان میں ہائی کمشنر کو دیے گئے ڈوزئیر اب تک برطانیہ نہیں پہنچے ہیں۔
پاکستان کی برطانیہ سے عادل راجہ اور شہزاد اکبر کی حوالگی کی درخواست
خیال رہے کہ 2 روز قبل اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی جس میں پاک برطانیہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی، اس کے علاوہ برطانیہ میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی وطن واپسی کے امور پر بات چیت ہوئی۔



