ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پیٹرول و ڈیزل پر کمپنیوں اور ڈیلرز کا منافع بڑھانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں، اس حوالے سے سمری منظور ہونے کی صورت میں پیٹرول اور ڈیزل 2 روپے 40 پیسے فی لیٹر تک مہنگا ہوسکتا ہے،اس سلسلے میں ذرائع پٹرولیم ڈویژن کاحوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ڈیلرز کے مارجن میں اضافے سے متعلق سمری ای سی سی کو بھجوا ئی گئی ہے، جس میں او ایم سیز اور ڈیلرز کا مارجن 1 روپیہ 10 پیسے سے بڑھا کر 1 روپیہ 28 پیسے تک فی لٹر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ اس وقت ایک لٹر پیٹرول اور ڈیزل پر آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کا منافع 7 روپے 87 پیسے ہے، ڈیلرز کا کمیشن 8 روپے 64 پیسے فی لٹر ہے، پٹرولیم صارفین پہلے ہی پٹرول پر 16 روپے 51 پیسے اور اتنی ہی ڈیزل پر او ایم سیز اور ڈیلرز کو ادائیگی کررہے ہیں، اس میں مزید اضافے کا اطلاق ای سی سی سے منظوری اور وفاقی کابینہ کی توثیق کے بعد ہو گا۔
یاد رہے کہ یکم دسمبر کو ہی حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کیا گیا تھا، پٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں پٹرول کی قیمت میں 2روپے فی لٹر کمی کی گئی ، پٹرول کی نئی قیمت 263 روپے 45 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی تھی، اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 79 پیسے فی لٹر کمی کی گئی تھی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 279 روپے 65 پیسے فی لٹر مقرر کی گئی تھی۔



