پاکستان ریلوے کی آمدن 30 سالہ ریکارڈ توڑنے میں کامیاب

اسلام آباد: وزیر ریلوے حنیف عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان ریلوے میں حالیہ اصلاحات کے باعث روزانہ آمدن نے گزشتہ 30 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ گزشتہ 8 ماہ میں ریلوے اصلاحات کے باعث مسافر اور فریٹ آمدنی میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 15 دنوں سے روزانہ 30 کروڑ روپے کی آمدنی حاصل ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو مکمل ڈیجیٹائز کر دیا گیا ہے۔ اور اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ ٹریک کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
حنیف عباسی نے کہا کہ نوکنڈی سے روہڑی اور روہڑی سے کراچی تک ٹریک کی بہتری کے معاہدے مکمل ہو چکے ہیں۔
وزیر ریلوے نے یقین دہانی کرائی کہ رواں مالی سال میں وزیر اعظم کے وژن کے مطابق تمام اہداف 31 دسمبر 2026 تک مکمل کر لیے جائیں گے۔



