این سی سی آئی اے کے چار افسران کے استعفے منظور، نوٹیفکیشن جاری

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے چار افسران کے استعفے منظور کر لیے گئے ہیں، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹرسرفرازچوہدری اوراسسٹنٹ ڈائریکٹرمحمد عثمان کے استعفے منظور کرلئے گئے ہیں اسی طرح اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحمد شعیب ریاض کا استعفیٰ بھی منظور کرتے ہوئے ان کی خدمات واپس کردی گئی ہیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اسسٹنٹ ڈائریکٹرعاصمہ مجید کا استعفیٰ بھی نیشنل فارنزک ایجنسی جوائن کرنے کی بنیاد پر منظور کیا گیا ہے۔ چاروں افسران کے استعفے 20 نومبر سے مؤثر قرار دیئے گئے ہیں، ان استعفوں کا پس منظر حالیہ تنازعات اور تحقیقات سے جڑا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی نے این سی سی آئی اے کے افسر سرفراز چوہدری پر سنگین الزامات عائد کیے تھے جبکہ محمد شعیب ریاض ڈکی بھائی کیس کے تفتیشی افسر رہے ہیں، مزید برآں اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد عثمان کے خلاف اسلام آباد میں ایک مقدمہ بھی درج ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ادارے میں شفافیت اور قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے یہ فیصلے کیے گئے ہیں، جبکہ این سی سی آئی اے میں انتظامی امور معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔



