شدید دھند کے باعث موٹروے ایم 4 اور ایم 5 بند، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

لاہور، صوبے کے مختلف میدانی علاقوں میں شدید دھند کے پیش نظر موٹروے پولیس اور پی ڈی ایم اے پنجاب نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 4 خانیوال سے ملتان تک جبکہ موٹروے ایم 5 ملتان سے روہڑی تک دھند کی وجہ سے بند کردی گئی ہے انہوں نے خبردار کیا ہے کہ دھند کے دوران لین کی خلاف ورزی خطرناک حادثات کا سبب بن سکتی ہے۔
موٹروے پولیس سنٹرل ریجن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں جبکہ دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات نسبتاً محفوظ ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے جس کے باعث رات اور صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ شدید متاثر ہو سکتی ہے۔
شدید دھند کے باعث لاہور اور فیصل آباد سے چلنے والی ٹرینوں کے شیڈول میں تبدیلی
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ رات 12 بجے سے صبح 9 بجے تک غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈرائیور حضرات فوگ لائٹس کا استعمال کریں، رفتار کم رکھیں اور گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔



