پاکستان نیول اکیڈمی کراچی میں کمیشننگ پریڈ، ملکی و غیر ملکی کیڈٹس کی شاندار پاسنگ آؤٹ

کراچی، پاکستان نیول اکیڈمی میں مڈشپ مین اور شارٹ سروس کمیشن کورس کی پاسنگ آؤٹ اور کمیشننگ پریڈ کا شاندار انعقاد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تقریب میں 90 مڈشپ مین اور 34 شارٹ سروس کمیشن کیڈٹس نے کامیابی کے ساتھ تربیت مکمل کر کے پاس آؤٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی بحرین رائل نیول فورس کے کمانڈر ریئر ایڈمرل تھے، جن کا استقبال چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کیا۔ مہمان خصوصی نے پاکستان نیوی کو خطے کی ایک اہم، پیشہ ور اور منظم بحری فورس قرار دیتے ہوئے پاک بحریہ کی تربیتی صلاحیتوں کو سراہا۔
انہوں نے دوست ممالک کے کیڈٹس کو اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کرنے پر پاکستان نیوی کی خدمات کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پریڈ میں بحرین، عراق، جبوتی، سری لنکا اور ترکیہ کے کیڈٹس نے بھی شرکت کی، جو پاک نیوی اور دوست ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات اور مشترکہ اقدار کا مظہر ہے اس موقع پر پاکستان اور بحرین کے درمیان قریبی دفاعی تعاون اور باہمی اعتماد کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔



