پاک فضائیہ کا گلگت بلتستان میں ریلیف آپریشن، درجنوں افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا

گلگت بلتستان: حالیہ سیلاب سے متاثرہ گلگت بلتستان کے دشوار گزار علاقوں میں پاک فضائیہ کا بڑا ریلیف آپریشن مکمل ہو گیا ہے۔ خراب موسم اور بلند و بالا پہاڑی راستوں کے باوجود، پاک فضائیہ کے سی-130 طیاروں نے نہ صرف ضروری امدادی سامان پہنچایا بلکہ پھنسے ہوئے افراد کو بھی بحفاظت نکال لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، پی اے ایف بیس نور خان سے 7 ٹن سے زائد خشک راشن، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء گلگت پہنچائی گئیں۔ یہ سامان نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کے ساتھ مل کر ان دور دراز وادیوں میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں سڑکیں بہہ جانے کے باعث مقامی لوگ امداد سے محروم تھے۔
ریلیف مشن کے دوران پاک فضائیہ کی ٹیموں نے 75 سے زائد متاثرہ شہریوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائی ملک گیر ہنگامی ریلیف مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد قدرتی آفات کے دوران انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی پاک فضائیہ کی امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی، جن میں خوراک، طبی امداد اور عارضی رہائش فراہم کرنا شامل ہے۔
ترجمان پاک فوج نے اس آپریشن کو پاک فضائیہ کے جذبہ قربانی اور قومی خدمت کا عکاس قرار دیا، اور کہا کہ مسلح افواج ہر مشکل وقت میں عوام کے ساتھ کھڑی ہیں۔



