راوی بپھرنے سے لاہور کے کئی دیہات زیرِ آب، دریائے چناب کا بڑا ریلہ جھنگ میں داخل، ریواز برج کے قریب شگاف لگادیا گیا

پنجاب کے تین بپھرے دریاؤں راوی، چناب اور ستلج نے تباہی مچا دی، دریاؤں کے کنارے آباد بستیاں اور فصلیں زیر آب آ گئیں جبکہ ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے۔
بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے اور بارشوں کے باعث دریائے چناب، ستلج اور راوی بدستور سیلاب کی لپیٹ میں ہیں اور پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، لاہورکے متعدد علاقوں میں سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے۔
تریموں ہیڈ ورکس پر پانی کا دباو کم کرنے کے لیے جھنگ کے ریوازبرج کے قریب دھماکا کرکے شگاف ڈال دیا گیا۔
دریائے راوی میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے باعث لاہور کی مختلف آبادیوں میں راوی کا پانی داخل ہوگیا، بارہ دری ، ٹھوکر نیاز بیگ،بادامی باغ، چوہنگ، بابو صابو اور رنگیل پورسمیت کئی علاقے زیر آب آگئے۔
چوہنگ کے قریب قائم نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں بھی دریائے راوی کا پانی داخل ہو گیا، بابو صابو انٹرچینج کے قریب بستیاں پانی میں ڈوب گئيں، لوگ اپنے گھرچھوڑ کر موٹروے کے کنارے منتقل ہوگئے، گھر بار چھوڑںے پر مجبور ان افراد کا کہنا ہے کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت محفوظ مقام پر منتقل ہوئے ہیں۔
شاہدرہ کے مقام پر نالے میں گندگی کے ڈھیر کی وجہ سے نالا اوور فلو ہوگیا، ہیڈ بلوکی میں پانی کے بہاو میں مسلسل اضافے سے قریبی دیہات میں پانی آگیا۔



