
کراچی: سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کو قتل کرنے والے ملزم کی نشاندہی ہوگئی۔
پولیس کے مطابق ملزم کے دو رشتہ داروں کو گلشن سکندرآباد سے حراست میں لیاگیا ہے، دونوں افراد سے ملزم کے بارے میں تفتیش کی جارہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم مفرور ہے جس کی تلاش جاری ہے، ملزم کی شناخت عمران خان آفریدی کے نام سے ہوئی ہے۔
حکام کے مطابق ملزم عمران آفریدی سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام کا گن مین تھا۔
دوسری جانب سے کراچی بار ایسوسی ایشن کی جانب سے خواجہ شمس الاسلام کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل خواجہ شمس الاسلام پر فائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آئی تھی، ویڈیو میں قمیض شلوار میں ملبوس ماسک پہنے شخص کو فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام ڈی ایچ اے فیز 6 میں ایک جنازے میں شرکت کے لیے بیٹے کے ہمراہ آئے تھے کہ قمیض شلوار میں ملبوس مسلح ملزم نے ان پر فائرنگ کی اور موٹر سائیکل پر فرار ہو گیا۔
خواجہ شمس الاسلام کو پیٹ میں جبکہ ان کے بیٹے کو کمر میں گولی لگی، سینئر وکیل اور ان کے بیٹے کو فوری طور پر قریبی نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم خواجہ شمس الاسلام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔



