سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ٹائرجلانے اور پائرولائسزپلانٹس کے آپریشن پر پابندی لگادی

کراچی: سندھ حکومت نے صوبے بھر میں ٹائر جلانے اور پائرو لائسزپلانٹس کے آپریشن پر پابندی لگادی۔
سیکرٹری ماحولیات سندھ زبیر چنہ کے مطابق ٹائر جلانے اور ناقص پائرو لائسز پلانٹس سے فضا، مٹی اور پانی شدید متاثر ہو رہےہیں۔ ٹائر جلانے سے سانس، دل اور اعصابی امراض بھی بڑھ رہے ہیں۔
زبیر چنہ کے مطابق پائرولائسز جیسے خطرناک عمل سےکراچی کی فضائی آلودگی خطرناک سطح تک پہنچ چکی ہے۔
سیکرٹری ماحولیات کے مطابق سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے نام سے نئے قواعد کا مسودہ تیار کیا ہے، سب اسٹینڈرڈ فیولز، ٹائر آئل، غیرمحفوظ ایندھن کےاستعمال، تیاری اور اس کی فروخت ممنوع ہوگی۔
زبیر چنہ کا کہنا ہےکہ تمام پلانٹس کے لیے لائسنسنگ، ماحولیاتی کنٹرول سسٹم اور اخراج کی حد کے تقاضے لازم ہوں گے۔ خلاف ورزی پر پلانٹس ضبط اور جرمانوں کی تجاویز ہیں۔
خیال رہے کہ پائرو لائسز ایک کیمیائی عمل ہے جس میں پلاسٹک اور ربڑ وغیرہ کو جلایا جاتا ہے تاکہ وہ بایو آئل، گیس اور دیگر مصنوعات میں تبدیل ہو جائیں۔



