ایلون مسک کی اسٹار لنک میں ایک بار پھر خرابی، انٹرنیٹ سروس بند

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک کی کمپنی اسٹار لنک کی انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر متاثر ہوئی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق پیر کے دن اسٹار لنک نے اپنی ویب سائٹ پر ایک پیغام جاری کی جس میں بتایا گیا کہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹار لنک کو سروس بندش کا سامنا ہے تاہم کمپنی نے مزید تفصیلات جاری نہیں کیں۔
آن لائن ٹریکنگ پلیٹ فارم ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق سروس بند ہونے والے امریکا میں اسٹار لنک کے 43 ہزار صارفین متاثر ہوئے اور انہیں انٹرنیٹ استعمال میں مشکلات کا سامنا ہے۔
اس سے قبل رواں سال جولائی میں بھی اسٹار لنک کو سروس کی ایک بڑی بندش کا سامنا کرنا پڑا تھا جس کی وجہ سے ہزاروں صارفین کو انٹرنیٹ سروس استعمال کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
جولائی میں آنے والے اس خلل کے بعد اسٹار لنک حکام نے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے پر سوفٹ وئیر خرابی کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا جب کہ ایلون مسک اور ان کی کمپنی کے سینئر ایگزیکٹوز نے صارفین سے معافی بھی مانگی تھی۔



