گوگل میپس میں رواں سال کی سب سے بڑی تبدیلی
گوگل میپس میں جیمنائی پر مبنی نیوی گیشن کو باضابطہ طور پر بڑے پیمانے پر صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

گوگل کی جانب سے نومبر کے شروع میں گوگل میپس میں اس تبدیلی کا عندیہ دیا گیا تھا۔
یہ فیچرز ڈرائیورز کے لیے زیادہ مددگار ثابت ہوں گے اور اہم بات یہ ہے کہ انہیں استعمال کرنے کے لیے فون کو ہاتھ لگانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ آپ جیمنائی سے بات کرکے اسے ہدایات دے سکیں گے۔
9 ٹو 5 گوگل کے مطابق اب یہ فیچرز تمام نیوی گیشن موڈز میں صارفین کے سامنے نظر آنے لگے ہیں۔
یعنی ڈرائیونگ سے ہٹ کر پیدل چلنے، سائیکل چلانے اور پبلک ٹرانزٹ ڈائریکشنز کے لیے بھی جیمنائی کے وائس کنٹرولز اور دیگر معاونت سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ گوگل میپس کے 4 رنگوں پر مشتمل مائیکرو فون آئیکون کو جیمنائی اسپارک آئیکون سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔
اس سے آپ اپنے فون میں گوگل میپس میں نیوی گیشن کے دوران کچھ بھی پوچھ سکتے ہیں۔
جیمنائی اپ گریڈ سے گوگل میپس تبدیل ہوگا اور آپ اس سے بات چیت کے دوران سوالات پوچھ سکیں گے اور اس کے جوابات پر مزید سوالات بھی پوچھ سکیں گے جو ذہن میں ابھریں گے۔
اہم بات یہ ہے کہ اس دوران گوگل میپس کو ہاتھوں سے استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ آپ کی آواز اسے کنٹرول کرے گی جبکہ جیمنائی آپ کے مطلوبہ مقام کے حوالے سے مشورے بھی دے گا۔
گوگل کے آفیشل سپورٹ پیج میں بھی اس تبدیلی کو صارفین کے لیے متعارف کرانے کی تصدیق کی گئی ہے۔



