کھیل

حلفاََ کہتا ہوں مجھے پتا نہیں تھا کہ ٹیموں کا نام انڈیا اور پاکستان رکھا جائےگا: عبیداللہ

بحرین میں بھارتی ٹیم کی جانب سے کبڈی کھیلنے والے پاکستانی کھلاڑی عبیداللہ راجپوت کا بیان سامنے آگیا۔

عبیداللہ راجپوت نے کہا کہ ہرسال یہ ٹورنامنٹ بحرین میں ہوتا ہے، پہلے بھی اس کپ میں شرکت کرچکاہوں، پہلے جس ٹیم سے کھیلا تھا انہوں نے اس بار مجھے نہیں بلایا، دوسری ٹیم نےبلایا تو وہاں چلاگیا۔

انہوں نے کہا کہ حلفاََکہتاہوں مجھے پتا نہیں تھا کہ ٹیموں کا نام انڈیا اور پاکستان رکھا جائےگا، گراؤنڈ میں داخل ہو رہا تھا تو دوستوں نے کہا کہ آپ انڈیا کی طرف سے کھیل رہے ہو، کمنٹیٹر کو کہاکہ وہ اعلان کرکے کہے کہ یہ انڈیا پاکستان کا میچ نہیں ہے بلکہ لوکل کپ ہے۔

عبیداللہ راجپوت کا کہنا تھا کہ وہاں جا کر انڈیا پاکستان کے نعرے لگے، میرے ذہن میں ایسی کوئی بات نہیں تھی کہ نعرے لگیں گے اور جھنڈے لہرائے جائیں گے، یہ صرف ایک کپ ہے بلکہ ورلڈکپ نہیں تھا اور نہ ایسے ورلڈکپ ہوتاہے، اگر ورلڈکپ ہوتا تو میں ضرور پاکستان سے کھیلتا، میں پاکستانی ہوں، پاکستان پر جان بھی قربان ہے، کچھ لوگوں نے منفی کمنٹس بھی کیے، اگر میری وجہ سے کسی کا دل دکھی ہوا ہے تو معافی چاہتاہوں اور اپنی فیڈریشن، استاد اور چاہنےوالوں سے معذرت کرتاہوں، اس کپ کو کپ ہی رہنے دیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی کبڈی کھلاڑی عبیداللہ کے بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنے، شرٹ پہننے اور بھارتی جھنڈا لہرانے کے معاملے پر پاکستان کبڈی فیڈریشن کی جنرل کونسل نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔

فیڈریشن سیکرٹری رانا سرور کا کہنا تھا کہ چیئرمین چوہدری شافع حسین نے 27 دسمبر کو اجلاس طلب کیا ہے، بحرین میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں پاکستان کے 16 کھلاڑیوں نے شرکت کی، پاکستان کی یہ قومی ٹیم نہیں تھی اور نہ ہی اس کی اجازت طلب کی گئی، نہ ان کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیا گیا۔

رانا سرور کا کہنا تھا کہ قومی کھلاڑی کا بھارتی ٹیم کی جانب سے کھیلنا اور جھنڈا لہرانا ناقابل برداشت ہے، معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور سخت ترین ایکشن لیا جائے گا ،خود ساختہ پروموٹرز کے خلاف بھی ایکشن لیں گے ، کسی کو غیر قانونی ایونٹ کی اجازت نہیں دیں گے

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker