پنڈی، اسلام آباد میں شدید بارش سے ندی نالے بپھر گئے، گاڑیاں پانی میں بہہ گئیں، نالوں کے اطراف سے انخلا کی وارننگ

راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا ہے، نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیے گئے ہیں اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
جڑواں شہروں میں کل رات سے اب تک 230 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں، راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 20 فٹ اور گوالمنڈی پل پر 19 فٹ ہو گئی جبکہ دریائے سواں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے سے پل زیر آب آ گیا۔
نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے جبکہ ریسکیو ، واسا، سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
نالہ لئی، کٹاریاں اور گوالمنڈی میں انخلاء کی وارننگ جاری کر دی گئی ہیں، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح بلند ہونے سے قریبی آبادی کو خطرہ ہے، شہری احتیاطاً محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔
ایم ڈی واسا نے ٹرپل ون بریگیڈ سے بھی رابطہ کیا ہے اور ترجمان کا بتانا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں پاک فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔
ادھر جہلم میں رات سے جاری بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہے، ضلعی انتظامیہ نے سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کےلیے فوج سے مدد طلب کرلی ہے۔
آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بھی رات گئے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، شدید بارش کے باعث دریائے نیلم اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہو گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔



