موسم

طوفان فلورس برطانیہ اور آئرلینڈ سے ٹکرا گیا، ٹرینیں اور پروازیں منسوخ، تقریبات ملتوی

لندن: طوفان فلورس کے باعث  برطانیہ میں  متعدد  پروازیں، ٹرینیں منسوخ اور  تقریبات ملتوی کردی گئیں، طوفان  اور  تیز ہواؤں سے نظام زندگی میں بڑے پیمانے  پر خلل پڑنےکا خدشہ ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق طوفان فلورس برطانیہ اور  آئرلینڈ سے ٹکرا گیا ہے، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش شروع ہوگئی۔

یارکشائر، شمالی انگلینڈ، آئرلینڈ اور  اسکاٹ لینڈ میں طوفانی ہواؤں اور شدید بارش کا الرٹ جاری کردیا گیا۔

تیزہواؤں سے درخت گرگئے، متعدد شاہراؤں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ برطانیہ کے شمالی علاقوں میں متعدد ٹرینیں، پروازیں اور کشتیوں کا سفر منسوخ کردیا گیا۔ یارکشائر کے کئی تفریحی مقامات بھی خراب موسم کی وجہ سے بند کر دیےگئے۔

 برطانیہ کےکئی علاقوں کے لیے طوفان اور تیز ہواؤں کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ طوفان فلورس کے باعث برطانیہ میں ہوا اور  بارش کا زور ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق  اسکاٹ لینڈ کے بڑے حصوں میں صبح 10:00 بجے سے ایمبر وارننگ نافذ ہو چکی ہے۔ شمالی انگلینڈ، ویلز، شمالی آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے لیے صبح 6 بجےسے یلو وارننگ جاری کی گئی ہے۔

طوفان کے  پیش نظر نیو کیسل کے شمال میں ایسٹ کوسٹ مین لائن کی سروسز منسوخ کر دی گئی۔ مغربی جانب پریسٹن کے شمال میں ریلوے مسافروں کو  سفر نہ کرنےکی ہدایت کی گئی ہے۔

گلاسگو  سے  اسکاٹش جزیروں کی جانب پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں، ایڈنبرا میں پرنسز اسٹریٹ گارڈنز  بند کر دیا گیا ہے۔ نارتھ بیروک میں ہونے والا آج کا "فرنج بائے دی سی” فیسٹیول بھی ملتوی کردیا گیا۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ڈرائیوروں کو  خصوصی احتیاطی تدابیر  اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker